دبئی،31؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)روی چندرن اشون اور روندر جڈیجہ کی ہندوستان کی اسپن جوڑی نے آج یہاں جاری آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں بالنگ فہرست میں ٹاپ2 مقامات پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے جبکہ ٹیم انڈیا سال کا اختتام نمبر ایک ٹیم کے طور پر کرے گی۔اشون آل راؤنڈروں کی فہرست میں بھی ٹاپ پر چل رہے ہیں۔ٹاپ 5میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جس میں جڈیجہ تیسرے مقام پر نبے ہوئے ہیں۔یہ صرف دوسری بار ہے جب ٹاپ2 مقامات پر ہندوستانی بالر قابض ہیں۔اس سے پہلے 1974میں بائیں ہاتھ کے اسپنر بشن سنگھ بیدی اور لیگ اسپنر بھاگوت چندر شیکھر پہلے دو مقام پر قابض تھے۔ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے سال کااختتام آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کے بعد دوسرے مقام کے ساتھ کیا۔پاکستان کے اوپنر اظہر علی میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ناقابل شکست 205اور 43رنز کی اننگز کے بعد 10پائیدان کے فائدے سے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔اس درمیان ٹیم انڈیا 120پوائنٹس کے ساتھ ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پر رہی۔ٹیم نے دوسرے مقام پر موجود آسٹریلیا پر 15پوائنٹس کی برتری بنا رکھی ہے جس کے 105پوائنٹس ہیں۔